وزیرِاعظم محمد شہباز شریف جمعہ کو آذربائیجان کے سرکاری دورے پر باکو کے حیدر علییف بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچے، جہاں ان کا استقبال آذربائیجان کے فرسٹ ڈپٹی وزیراعظم یعقوب عبداللہ اوغلو ایوبوف نے کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام، پاکستانی سفیر اور آذربائیجان میں تعینات پاکستانی سفارتخانے کے عملے کے ارکان بھی موجود تھے۔
استقبال کے موقع پر قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ وزیرِاعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف اپنے دورۂ آذربائیجان کے دوران صدر الہام علییف سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی شعبوں میں شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں، اور یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنے گا۔


