لاہور (نمائندہ خصوصی وائس آف جرمنی )
پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے فوج کی مدد حاصل کر لی ہے۔ لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال اور اوکاڑہ ان اضلاع میں شامل ہیں جہاں بارشوں کے بعد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں اور عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پولیس پہلے ہی ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں، تاہم صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر فوج کو فوری طور پر طلب کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارتِ داخلہ کو اس سلسلے میں باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فوجی دستوں کی تعداد ہر ضلع کی ضرورت اور مشاورت کے مطابق طے کی جائے گی۔
سیلابی علاقوں میں ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی پانی میں ڈوب گئی ہے، کئی دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ دریاؤں اور نالوں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، جس سے مزید آبادی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس سے خطرات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پانی والے علاقوں میں جانے سے احتیاط برتیں۔
فوجی دستوں کے ساتھ ساتھ آرمی ایوی ایشن اور دیگر وسائل بھی متاثرہ علاقوں میں فراہم کیے جائیں گے تاکہ بروقت امدادی کارروائیوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
