تاجکستان اور افغانستان کی سرحدی پٹی پر ڈرون حملے میں 3 چینی شہری ہلاک ہوگئے۔ تاجک وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ حملہ تاجکستان کے جنوبی علاقے میں ایک چینی کمپنی کے مقام پر کیا گیا جو افغانستان کی جانب سے لانچ کیے گئے ڈرون کے نتیجے میں پیش آیا
بیان میں بتایا گیا کہ حملے کا نشانہ بننے والے تمام افراد چینی کمپنی کے ملازمین تھے، جو عمومی کاموں کے سلسلے میں موقع پر موجود تھے۔ دھماکے کی آواز دور دراز علاقوں تک سنی گئی جبکہ حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے مؤقف دیا کہ واقعے کی نوعیت اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے افغانستان سے رابطہ کیا جارہا ہے، جبکہ سیکیورٹی اداروں کو سرحدی علاقے میں الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
تاجکستان اور افغانستان کے مابین کشیدگی کے پس منظر میں یہ حملہ ایک تشویشناک پیش رفت قرار دی جارہی ہے، جس سے خطے میں امن و امان کی صورتحال مزید متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

