فیفا ورلڈ کپ 2026: ٹکٹوں کی بکنگ کا آغاز، قیمتیں 60 سے 6 ہزار 700 ڈالر تک

FB IMG 1757057439117 1


لاہور:فیفا ورلڈ کپ 2026 کے شائقین کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے، ٹورنامنٹ کے ٹکٹوں کی بکنگ کے شیڈول اور قیمتوں کا اعلان کر دیا گیا۔ ورلڈ کپ پہلی بار امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں بیک وقت کھیلا جائے گا، جو 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک جاری رہے گا۔
فیفا کے مطابق ٹکٹوں کی قیمتیں 60 ڈالر سے شروع ہو کر فائنل میچ کے لیے 6 ہزار 700 ڈالر تک جا سکتی ہیں۔ اس بار ڈائنامک پرائسنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت قیمتیں طلب کے مطابق بڑھ یا کم سکیں گی۔
ٹکٹوں کی فروخت مختلف مراحل میں ہوگی۔ پہلا مرحلہ 10 سے 19 ستمبر 2025 تک صرف Visa کارڈ ہولڈرز کے لیے مخصوص ہوگا، جس میں قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب افراد کو ٹکٹ خریدنے کی اجازت ملے گی۔ دوسرا مرحلہ 27 سے 31 اکتوبر تک ہوگا، جبکہ 5 دسمبر کو گروپ ڈرا کے بعد مخصوص میچوں کے ٹکٹ دستیاب ہوں گے۔ ٹورنامنٹ سے چند ماہ قبل پہلے آؤ، پہلے پاؤ کی بنیاد پر بچ جانے والی ٹکٹیں فروخت کی جائیں گی۔
فیفا نے واضح کیا ہے کہ ہر شخص زیادہ سے زیادہ 40 ٹکٹ خرید سکتا ہے، جبکہ ایک میچ کے لیے چار ٹکٹوں تک کی حد مقرر کی گئی ہے۔ تمام ٹکٹ صرف FIFA.com/tickets اور فیفا کی آفیشل ایپ کے ذریعے فروخت ہوں گے، تاکہ غیر قانونی فروخت کو روکا جا سکے۔

متعلقہ پوسٹ