بیجنگ:وزیراعظم محمد شہباز شریف چین کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان روانہ ہوگئے۔ بیجنگ ایئرپورٹ پر وزیراعظم کو چینی اور پاکستانی حکام نے الوداع کہا۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہان مملکت کے 25ویں اجلاس اور شنگھائی تعاون تنظیم پلس اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے عالمی سطح پر تعاون اور خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے فاشزم کے خلاف جنگ کی 80ویں سالگرہ کی تقریبات میں بھی خصوصی طور پر شرکت کی، جہاں انہوں نے قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
چین کے دورے کے دوران وزیراعظم کی چین، روس، ایران، ترکیہ، آذربائیجان اور تاجکستان کے قائدین سے اہم دو طرفہ ملاقاتیں ہوئیں جن میں سیاسی، تجارتی اور دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے دوسری پاک-چین B2B کانفرنس میں بھی شرکت کی، جہاں پاکستان اور چین کے درمیان کثیر شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں پر دستخط ہوئے۔
