نیپال میں سیاسی بحران؛ وزیراعظم کے پی شرما اولی مستعفی، فوجی سربراہ امن قائم رکھنے کے لیے سرگرم
کھٹمنڈو (مانیٹرنگ ڈیسک) نیپال میں سیاسی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ وزیراعظم کے پی شرما اولی نے گزشتہ روز استعفیٰ دے دیا، جب کہ ملک بھر میں جاری پرتشدد مظاہروں میں کم از کم 19 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ مظاہرین نے وزیراعظم کی رہائش گاہ کو بھی نذر آتش کیا، جس کے بعد حکومت مزید دباؤ کا شکار ہو گئی۔
اس ہنگامہ خیز صورتحال میں نیپالی فوج کے سربراہ جنرل آشوک راج سگڈل نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ فوج شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ضامن ہے اور امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق فوج نے وزیراعظم اولی کو اقتدار چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا تاکہ ملک کو مزید خونریزی سے بچایا جا سکے۔ تاہم جنرل سگڈل نے حکومت کا براہِ راست کنٹرول اپنے ہاتھ میں نہیں لیا بلکہ آئینی حدود کے مطابق امن قائم رکھنے پر زور دیا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اولی کے استعفے کے بعد نیپال میں نئی عبوری حکومت کی تشکیل بڑا چیلنج ہو گا۔ اس وقت عوامی غصے اور سڑکوں پر جاری مظاہروں نے نیپال کے جمہوری مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے
