سری لنکا میں شدید طوفان سے ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد حکومتِ پاکستان کی جانب سے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سرگرمیوں میں تیزی لاتے ہوئے این ڈی ایم اے نے پاک فوج کی ایلیٹ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم سری لنکا روانہ کر دی۔ یہ اقدام سری لنکن حکومت کی جانب سے امدادی درخواست اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کے تحت عمل میں آیا۔
جمعرات کی صبح پاکستان ائیر فورس کے سی-130 طیارے کے ذریعے 47 رکنی خصوصی ٹیم 6.5 ٹن امدادی سامان کے ہمراہ روانہ ہوئی، جو بعد ازاں کولمبو پہنچ گئی۔ ہائی کمشنر پاکستان میجر جنرل (ر) فہیم الحق عزیز اور سری لنکا کے ڈپٹی وزیر برائے پورٹس نے ٹیم کا استقبال کیا۔ پاکستانی سفیر نے حکومتی سطح پر بھیجے گئے اس خصوصی مشن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور تمام اہلکاروں کا فرداً فرداً خیرمقدم کیا۔
اسلام آباد میں امدادی سامان کی روانگی کی تقریب میں وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک HI(M) اور سری لنکن ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل فریڈ سینیوراتھنے (ر) نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ این ڈی ایم اے اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک آفات سے نمٹنے اور ان کے اثرات کم کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے بروقت امداد پر حکومتِ پاکستان اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
بھیجے گئے امدادی سامان میں خیمے، کمبل، رضائیاں، لائف جیکٹس، ربڑ کی کشتیاں، ڈی واٹرنگ پمپس، لائٹس، چٹائیاں، مچھر دانیاں، شیر خوار بچوں کا خشک دودھ، فوری استعمال کی غذائیں اور ضروری ادویات شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان نیوی کے جہاز اور ہیلی کاپٹر پہلے ہی سری لنکا میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں سرگرم عمل ہیں۔


