پاکستان ہمارا سچا اتحادی ہے، یہ دوستی قیامت تک رہے گی: ترک صدر طیب اردوان

IMG 20251221 WA0926


انقرہ — ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کو ترکی کا سچا اور قابلِ اعتماد اتحادی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی قیامت تک قائم رہے گی۔
پاکستان بحریہ کے لیے جدید جنگی جہاز PNS خیبر کی حوالگی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ مکمل کامیاب آزمائشوں کے بعد جدید جنگی جہاز PNS خیبر پاکستان بحریہ کے حوالے کیا جا رہا ہے، جو دفاعی تعاون کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کا عملی مظہر ہے۔
طیب اردوان نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے تعلقات محض سفارتی نہیں بلکہ تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ رشتوں پر مبنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاع، معیشت، تجارت اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے پاکستان بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید جہاز کی شمولیت سے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی بحری صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔ ترک صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترکی ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
تقریب میں دونوں ممالک کے اعلیٰ عسکری اور سرکاری حکام نے شرکت کی، جبکہ اس موقع کو پاکستان-ترکی اسٹریٹجک شراکت داری میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔

متعلقہ پوسٹ