پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری: عارف حبیب کنسورشیم کی 115 ارب روپے کی بلند ترین بولی

IMG 20251223 WA2072


اسلام آباد:بیورو رپورٹ محمد سلیم سے: )

پاکستان کی قومی ایئرلائن، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے)، کی نجکاری کے عمل میں عارف حبیب کنسورشیم نے 115 ارب روپے کی سب سے زیادہ بولی دے دی ہے، جسے نجکاری کے عمل میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
نجکاری کمیشن کے مطابق پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی فروخت کے لیے بولی کا مرحلہ وار عمل جاری ہے۔ مشیر نجکاری کمیشن محمد علی کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری حکومت کے وسیع اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد ادارے کو مالی طور پر مستحکم اور خود کفیل بنانا ہے، نہ کہ محض فروخت کرنا۔
انہوں نے کہا کہ نجکاری کے نتیجے میں ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور حکومت چاہتی ہے کہ پی آئی اے ماضی کی طرح ایک مضبوط اور منافع بخش ادارہ بنے۔ ان کے مطابق بولی سے حاصل ہونے والی رقم کا 92.5 فیصد حصہ قومی ایئرلائن کی بہتری، آپریشنل اصلاحات اور مالی استحکام پر خرچ کیا جائے گا۔
نجکاری کمیشن نے وضاحت کی کہ کامیاب بولی دہندہ دو تہائی رقم ابتدائی مرحلے میں جبکہ ایک تہائی رقم بعد میں ادا کر سکے گا۔ مزید یہ کہ بولی کے بعد بڈرز کو دو اضافی پارٹنرز کو کنسورشیم میں شامل کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
بولی کے ابتدائی مرحلے میں لکی سیمنٹ نے 101.5 ارب روپے جبکہ ایئربلیو نے 26.5 ارب روپے کی بولی جمع کرائی۔ تاہم، عارف حبیب کنسورشیم کی 115 ارب روپے کی پیشکش اب تک سب سے زیادہ بولی قرار دی گئی ہے۔
نجکاری کمیشن کے مطابق بولیوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلے کا اعلان کیا جائے گا۔

متعلقہ پوسٹ