صدر مملکت کا کرسمس پر مسیحی برادری کو مبارکباد، مذہبی آزادی اور ہم آہنگی کا پیغام
پاکستان کا آئین ہر شہری کو مساوی حقوق اور مذہبی آزادی فراہم کرتا ہے، صدر زرداری
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کرسمس کے پُرمسرت موقع پر پاکستان کے مسیحی شہریوں اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کی ہیں۔
صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرسمس امید، امن اور ہمدردی کا پیغام لے کر آتا ہے اور یہ ہمیں محبت و انسانیت کی خدمت اور انسانوں کے درمیان گہرے رشتوں کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے بابائے قوم قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے الفاظ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا وژن آزادی اور سب کے لیے برابری پر مبنی تھا، اور ہر شہری اپنی عبادت کے لیے آزاد ہے، چاہے وہ کسی بھی مذہب، ذات یا عقیدے سے تعلق رکھتا ہو۔ یہ اصول مذہبی آزادی اور تمام شہریوں کے درمیان باہمی احترام کے عزم کی مضبوط توثیق کرتے ہیں۔
صدر نے کہا کہ پاکستان کے مسیحی شہری سیاست، قومی دفاع، تعلیم، ادب، فنون، موسیقی، صحت، سماجی بہبود اور عوامی خدمت سمیت مختلف شعبوں میں اہم خدمات انجام دے رہے ہیں، اور ان کی کاوشیں قومی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے ایس۔ پی۔ سنگھا، اسپیکر پنجاب لیجسلیٹو اسمبلی، اور 1965 کی جنگ کے ہیرو سیسل چودھری کے خدمات کو بھی یاد کیا، جنہوں نے خطرناک مشن کے دوران بھارتی طیاروں اور ڈپوؤں کو تباہ کرنے کے باوجود اپنے مشن کو کامیابی سے مکمل کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو مساوی حقوق اور مذہبی آزادی فراہم کرتا ہے اور حکومت تمام برادریوں کے درمیان ہم آہنگی، باہمی احترام اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ تنوع ہماری طاقت ہے اور یہ اتحاد، رواداری اور تعاون کا باعث ہونا چاہیے۔
آخر میں صدر نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد اور نئے سال کے لیے امن، صحت اور خوشحالی کی نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ کرسمس کی روح ہم سب کو ہمدردی، انصاف اور قومی فلاح کے لیے مل کر کام کرنے کی ترغیب دے۔

