اسلام آباد میں نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، لیاقت بلوچ، شیر افضل مروت، بیرسٹر سیف، عمران اسماعیل اور شہزاد وسیم نے شرکت کی۔
اجلاس میں تجویز دی گئی کہ صدر آصف زرداری، نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی مشاورت سے ایک حکومتی مذاکراتی کمیٹی بنائی جائے۔ اعلامیے کے مطابق اپوزیشن بھی اپنی کمیٹی تشکیل دے جو سیاسی قیدیوں کے ساتھ مل کر بات چیت کو آگے بڑھائے۔
کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ سیاسی کارکنوں کو رہا کیا جائے، ان پر قائم مقدمات ختم ہوں اور میڈیا پر سنسرشپ کا خاتمہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرز کی فوری تعیناتی پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ ڈائیلاگ کا اگلا مرحلہ ملتان میں ہوگا۔

