اسلام آباد میں درختوں کی کٹائی: وزیراعظم کا سخت نوٹس، رپورٹ طلب

FB IMG 1767941343457 1


اسلام آباد — وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں درختوں کی بے دریغ کٹائی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کا فوری نوٹس لے لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر عوامی ردعمل اور حکومتی سطح پر اٹھنے والے سوالات کے بعد وزیراعظم نے اس معاملے پر کڑی نگرانی کی ہدایت جاری کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس درختوں کی کٹائی کے معاملے کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہا ہے تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ دارالحکومت میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے درختوں کی کٹائی پر مکمل اور تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ رپورٹ میں کٹائی کی وجوہات، اجازت ناموں، متعلقہ افسران اور ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کی جائے گی، جس کے بعد رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے قدرتی حسن، سبزہ زاروں اور ماحولیاتی توازن کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ماحول کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

متعلقہ پوسٹ