اسلام آباد — پاکستان کی مستحکم معاشی بنیادیں اور مسلسل معاشی پیش رفت قومی خوشحالی کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے ایک روشن مستقبل کی نوید بن چکی ہیں۔ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی مالیاتی منڈیوں میں نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی بیس سالہ تاریخ ساز کارکردگی میں کے ایس ای 100 انڈیکس ڈالر کی بنیاد پر 161 فیصد جبکہ پاکستانی روپے میں 190 فیصد کا شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس نمایاں پیش رفت کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹس میں عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کامیابی مضبوط معاشی پالیسیوں، مالیاتی نظم و ضبط، کارپوریٹ سیکٹر کی بہتری اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔ سرمایہ کاری کے شعبے سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں استحکام اور اصلاحاتی اقدامات نے اسٹاک مارکیٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اقتصادی ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج کی یہ شاندار کارکردگی نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بھی پرکشش مواقع پیدا کر رہی ہے، جس سے مستقبل میں سرمایہ کاری کے مزید امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ حکومتی اور نجی شعبے کے اقدامات کے تسلسل سے پاکستان کی مالی منڈیوں میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے

