اسلام آباد (): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کے دور دراز علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ خسارے میں چلنے والے بجلی کے فیڈرز کو کمیونٹی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف ان فیڈرز کے نقصانات میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ متعلقہ علاقوں میں بجلی کی مسلسل فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (قیسکو) کے زیادہ نقصان میں چلنے والے فیڈرز پر فی الفور پائلٹ پراجیکٹس کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان منصوبوں کی کامیابی کیلئے علاقے کے منتخب نمائندوں سے مشاورت اور مقامی کمیونٹی کی بھرپور شمولیت یقینی بنائی جائے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خسارے میں چلنے والے فیڈرز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے مقامی آبادی کیلئے ماحول دوست، کم لاگت اور پائیدار مائیکرو گرڈ قائم ہوگا، جس میں مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ صوبائی اور وفاقی حکومتیں شراکت دار ہوں گی۔
بریفنگ کے مطابق اس منصوبے سے کم لاگت بجلی کی پیداوار ممکن ہوگی اور مستقبل میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے مالی خسارے میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ وزیراعظم نے منصوبے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں پائلٹ پراجیکٹس پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے چیف سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

