اسلام آباد: پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی اور تزویراتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے موسمیاتی استحکام، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے حوالے سے پاکستان کی ترجیحات پر روشنی ڈالی اور عالمی ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی شراکت داریوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کے مسلسل تعاون اور حمایت کو سراہا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے، برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ شراکت داری آئندہ بھی مزید مضبوط ہوتی رہے گی

سعودی سفیر کا پاکستان سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ 3

