لاہور: پاکستان کی وفاقی حکومت نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 257 روپے 8 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور ملکی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یکم جنوری کو حکومت نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 28 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔

