ڈھاکہ — بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم نہ بھیجنے کے فیصلے پر ڈٹے رہنے کا اعلان کردیا ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اعلامیے کے مطابق آئی سی سی کے وفد سے ہونے والی میٹنگ میں بنگلہ دیش نے اپنے میچز دوسرے وینیو پر منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست کو دہرایا ہے۔
بی سی بی نے واضح کیا کہ وہ موجودہ حالات میں اپنی قومی ٹیم کو بھارت نہیں بھیجے گا اور آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کے تمام میچز کسی دوسرے ملک میں منعقد کیے جائیں۔
یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ بنگلہ دیش کا موقف ہے کہ جب تک حالات بہتر نہیں ہوتے، وہ اپنی ٹیم کی حفاظت کو ترجیح دیں گے۔
آئی سی سی کے وفد نے بنگلہ دیش کے حکام سے تفصیلی بات چیت کی ہے اور اب عالمی کرکٹ بورڈ کو اس معاملے پر فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا بنگلہ دیش کے میچز متبادل وینیو پر منتقل کیے جاسکتے ہیں یا نہیں۔

