وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (PIA) کی نجکاری کا عمل شفاف انداز میں مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے کی عظمت رفتہ بحال ہوگی اور عوام کو نہ صرف بہترین سفری سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ پاکستان کا وقار بھی بلند ہوگا۔
وزیراعظم جمعرات کو حکومت اور عارف حبیب کنسورشیم کے درمیان PIA کی نجکاری کے ٹرانزیکشن دستاویزات پر دستخط اور تبادلہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم کے مشیر محمد علی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج کی تقریب تاریخی اہمیت کی حامل ہے اور قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عارف حبیب کنسورشیم کا ملک کی صنعتی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ہے اور توقع ہے کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے مسافروں کے لیے آرام دہ سفر، تحفظ اور وقار کو یقینی بنائے گی۔
وزیراعظم نے یاد دلایا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ہوا بازی کے شعبے میں ایک اہم مقام رکھتی تھی اور دنیا بھر میں “Great People to Fly With” کا نعرہ پی آئی اے کی پہچان تھا۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے بعد سہولیات کی بہتری سے ادارے کا معیار بھی بلند ہوگا اور سرمایہ کاری سے قومی خزانے میں 55 ارب روپے آئیں گے۔
چیئرمین کنسورشیم عارف حبیب نے خطاب میں کہا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کو آگے آنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے، اور 180 ارب روپے کی سرمایہ کاری میں 125 ارب روپے پی آئی اے کی بہتری پر خرچ ہوں گے۔ انہوں نے حکومت اور عوام کی توقعات کے مطابق دن رات محنت کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
وزیراعظم کے مشیر نجکاری محمد علی نے کہا کہ یہ دستخط کی تقریب اصلاحات کے عمل میں تاریخی حیثیت رکھتی ہے اور سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کے لیے پرعزم ہیں۔

