اسلام آباد: قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد پارلیمنٹ کو طاقت کا اصل سرچشمہ بنانے پر زور دیتے ہوئے قومی مفاد کے معاملات پر حکومت کا ساتھ دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔
قومی اسمبلی میں بطور قائد حزب اختلاف اپنے پہلے خطاب میں محمود اچکزئی نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ ایوان کو فیصلہ سازی کا مرکزی ادارہ بنایا جائے، جہاں داخلی سلامتی، خارجہ پالیسی اور معاشی حکمت عملی جیسے اہم معاملات طے ہوں۔
انہوں نے کہا،
“ہم اس ایوان کو طاقت کا سرچشمہ بنانا چاہتے ہیں، آئیں داخلہ، خارجہ اور معاشی پالیسیاں اسی ایوان میں بنائیں۔”
قائد حزب اختلاف نے واضح کیا کہ اپوزیشن حکومت کے مثبت اور عوامی مفاد میں کیے گئے اقدامات کی حمایت کے لیے تیار ہے۔
“اچھے کاموں کے لیے ہمارے ووٹ بھی اپنے ووٹوں میں شامل کر لیں،” انہوں نے خطاب کے دوران کہا۔

