اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کا پہلا تنظیمی اجلاس جلد منعقد ہوگا

IMG 20260120 WA1671


اسلام آباد (بیورو رپورٹ )
اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیرِ اہتمام پہلا باضابطہ اور تنظیمی اجلاس جلد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس شاہنواز خان کریں گے۔
یہ اجلاس اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد ہوگا، جس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافیوں کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معروف سیاسی، سماجی اور عوامی شخصیات کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کا بنیادی مقصد صحافی برادری کو ایک مضبوط پلیٹ فارم پر متحد کرنا، درپیش مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات طے کرنا ہے۔ اجلاس میں صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ، معاشی اور بالخصوص قانونی مسائل پر تفصیلی غور کیا جائے گا، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان متوقع ہے۔
اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ صحافی برادری کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ تنظیم صحافیوں کو درپیش قانونی پیچیدگیوں میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی اور ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ آزادیٔ صحافت، صحافیوں کے تحفظ اور ان کے جائز حقوق کے لیے مؤثر آواز بلند کی جائے گی۔
اس موقع پر چیئرمین اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس شاہنواز خان نے کہا کہ یہ اجلاس صحافی برادری کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا، جہاں نہ صرف مسائل کی نشاندہی کی جائے گی بلکہ ان کے عملی حل کے لیے ٹھوس حکمتِ عملی بھی مرتب کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یونین کا بنیادی مقصد صحافیوں کو یکجا کرنا اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
اہلِ صحافت اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اس اجلاس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس مستقبل میں صحافی برادری کے لیے ایک مضبوط، متحرک اور مؤثر آواز ثابت ہوگی۔

متعلقہ پوسٹ