بیجنگ/نیپیداو: چین نے میانمار میں سرگرم ایک بڑے بین الاقوامی کرمنل نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے 11 مرکزی ارکان کو سزائے موت دے دی ہے۔ چینی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق یہ نیٹ ورک اربوں ڈالر کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھا اور اس میں تقریباً 10 ہزار افراد شامل تھے۔
رپورٹ کے مطابق گینگ پر آن لائن فراڈ، منی لانڈرنگ، انسانی اسمگلنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ثابت ہوئے تھے۔ عدالت کی جانب سے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جانے کے بعد سزاؤں پر عملدرآمد کیا گیا۔
چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ پھانسی سے قبل ملزمان کو قریبی رشتہ داروں سے آخری ملاقات کی اجازت بھی دی گئی، جو چین کے عدالتی نظام میں طے شدہ طریقۂ کار کا حصہ ہے۔
چینی حکام کے مطابق یہ کارروائی سرحد پار جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کی گئی ہے، جبکہ ایسے نیٹ ورکس کے خلاف مزید اقدامات بھی جاری رہیں گے۔

