اسلام آباد :(عباس احمد )سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (سکیورٹی) کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے عدالتی سکیورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور موقع پر موجود افسران و جوانوں کو مستعدی، نظم و ضبط اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایات جاری کیں۔دورے کے موقع پر ایس پی جوڈیشل پروٹیکشن یونٹ اقبال خان نے ایس ایس پی سکیورٹی کو عدالتی سکیورٹی ڈیوٹی، نفری کی تعیناتیوں اور مجموعی سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ایس ایس پی سکیورٹی نے سکیورٹی پر مامور افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مکمل ہوشیاری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں۔کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے واضح کیا کہ ڈیوٹی کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ سکیورٹی امور میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی اداروں کی سکیورٹی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور عوام، وکلاء، سائلین اور عدالتی عملے کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ایس ایس پی سکیورٹی نے مزید کہا کہ سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے مسلسل نگرانی، جانچ پڑتال اور بہتری کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد پولیس قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت پرعزم اور کوشاں ہے۔


