لاہور، 2 فروری 2026 – وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آج لاہور میں اٹلی کے شہر وینس میں منعقد ہونے والے تاریخی 61ویں وینس بیانالے (Biennale Arte 2026) میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پویلین ٹیم نے ملاقات کی۔
وفد میں نجم سیٹھی، پاکستان کی معروف آرٹسٹ فائزہ بٹ (جو پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہیں)، پویلین کی کیوریٹر بیٹریز کوفینٹس فلیکانو، اور پاکستان پویلین کمشنر ڈاکٹر یعقوب خان بنگش شامل تھے۔
ٹیم نے وزیراعظم کو بریفنگ دی کہ پاکستانی پویلین میں ملک کے روایتی فن، اس کی جمالیات اور ثقافتی خوبصورتی کو دنیا بھر کے مہمانوں اور سیاحوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پویلین کا عنوان "Punj•AB – A Sublime Terrain” ہے جو تقسیم ہند 1947 کے بعد پنجاب کی ثقافتی منظر کشی کو اجاگر کرے گا۔
وفد نے مزید بتایا کہ مئی سے نومبر 2026 تک پاکستانی پویلین کے تحت متعدد پروگرامز اور ایونٹس کا اہتمام کیا جائے گا جو پاکستانی ثقافت اور فن کے مختلف پہلوؤں کو عالمی سطح پر متعارف کروائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 1895 سے شروع ہونے والا وینس بیانالہ دنیا کی سب سے قدیم اور اہم ترین بین الاقوامی آرٹ نمائش ہے جو اپنے تنوع اور تخلیقی صلاحیتوں کی وجہ سے منفرد مقام رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے ٹیم کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور زور دیا کہ پاکستانی تاریخ، ثقافت، تنوع اور شمولیت کے عناصر کو پوری دنیا میں نمایاں کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثقافتی خوبصورتی اور اس میں موجود کثرت و اتحاد کو عالمی سطح پر پیش کرنا انتہائی اہم ہے۔
پاکستان پویلین ٹیم نے وزیراعظم کو پویلین کے افتتاح کی بھی دعوت دی۔
یہ پاکستان کی دوسری شرکت ہے جبکہ پہلی قومی پویلین 2019 میں قائم کی گئی تھی۔

