اسلام آباد، بیورو رپورٹ – وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آج وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاق اور صوبہ خیبر پختونخوا کے درمیان تعاون، امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خاتمے، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور تحفظ کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مکمل تعاون اور مربوط کاوشیں ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بحالی کے لیے وفاق اور صوبہ مل کر کام کریں۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اداروں کو مزید مضبوط بنائے، انسداد دہشت گردی کے لیے موثر اقدامات اٹھائے اور اس ضمن میں اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر مشترکہ اور مسلسل کاوشیں جاری رکھے گی۔
صحت، تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں بہتری کے لیے وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اپنی بااختیار حیثیت کے مطابق عوام کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ہمیشہ کی طرح صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے دائرہ کار کے اندر بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔
"خیبر پختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے۔ صوبے کی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع میں اضافے کے لیے وفاقی حکومت اپنے دائرہ اختیار کے مطابق مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے۔”
انہوں نے زور دیا کہ قومی ترقی، استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی رابطہ کاری، باہمی مشاورت اور اشتراک عمل انتہائی ضروری ہے۔
وزیراعظم نے اپنے وژن کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنے اور ملک بھر میں یکساں ترقی کے عزم پر پوری طرح عمل پیرا ہے۔

