گجرات (نمائندہ خصوصی) — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گجرات یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی 13 سالہ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہونے کے ناتے انہیں افسوس ہے کہ خیبر پختونخوا کے بچے پتھر کے زمانے میں رہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ "خیبرپختونخوا کے بچوں کے ہاتھ میں ہتھیار ہے، دماغ میں گالی ہے جبکہ پنجاب کے بچے لاکھوں کی تعداد میں ٹیکنیکل ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "13 سال ہوگئے خیبرپختونخوا میں، لوگوں کو پتا ہی نہیں ترقی کس چڑیا کا نام ہے۔ کہتے ہیں بس انہیں شعور دے رہے، کونسا شعور?”
مریم نواز نے کہا کہ "ادھر ہونہار ہے ادھر انتشار ہے۔ میں پنجاب بعد میں ہوں، پہلے پاکستانی ہوں۔” انہوں نے خیبر پختونخوا کے عوام سے اپیل کی کہ "خدا کا واسطہ ہے پنجاب کے بچوں کی طرف دیکھو، ترقی کی طرف دیکھو۔”
عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے، بغیر نام لیے، انہوں نے کہا کہ "جو بیمار ہے اس کے لیے ہم شفا کی دعا کرتے ہیں۔ یہ اڈیالہ جیل میں ہے لیکن میں نے کبھی نہیں کہا کہ اس کو کھانا نہ دو۔ وہ اچھا کھانا کھاتا ہے تو مریم نواز شریف کو خوشی ہے۔”
انہوں نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ "سیاست میں ذاتیات کو اٹھا کر باہر پھینک دیں۔ انتشار، فتنہ، گھراؤ جلاؤ، آگ لگانے کو اٹھا کے پاکستان سے باہر پھینک دیں۔”

