وزیراعظم کی IAEA ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات، INMOL کو تعاون کا مرکز نامزد

IMG 20260217 WA1567


ویانا (نمائندہ خصوصی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے منگل کو ویانا انٹرنیشنل سینٹر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم نے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے فروغ میں IAEA کے کردار کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کینسر کی تشخیص و علاج، زراعت، نیوکلیئر پاور جنریشن اور صنعتی شعبوں میں جوہری ٹیکنالوجی کو ذمہ داری سے استعمال کر رہا ہے۔

img 20260217 wa15682250395129666216841
وزیراعظم کی IAEA ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات، INMOL کو تعاون کا مرکز نامزد 3


وزیراعظم نے پاکستان اور IAEA کے درمیان مضبوط شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہ صرف ایجنسی کے تکنیکی تعاون پروگرام سے فائدہ اٹھا رہا ہے بلکہ اپنے ماہرین کی فراہمی اور بین الاقوامی تربیتی پروگراموں کے انعقاد کے ذریعے IAEA کے کام میں بھرپور حصہ بھی ڈال رہا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل گروسی نے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال میں پاکستان کی مہارت اور تجربے کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی انجینئرز، سائنسدانوں اور تکنیکی ماہرین کے اعلیٰ معیار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جوہری تحفظ اور سلامتی کے شعبوں میں قابل تعریف کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال میں IAEA کے دیگر رکن ممالک کی معاونت کے لیے موزوں ترین ملک ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے مارچ 2026 میں فرانس میں منعقد ہونے والی نیوکلیئر انرجی سمٹ میں پاکستان کی فعال شرکت کی امید کا اظہار کیا۔
ملاقات کے بعد لاہور کے انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن اینڈ آنکولوجی (INMOL) کو IAEA کے تعاون کے مرکز کے طور پر نامزد کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اور ڈائریکٹر جنرل گروسی نے پاکستان اور IAEA کی جانب سے معاہدے پر دستخط کیے۔

متعلقہ پوسٹ