عمران خان کی رہائی پر الشفاء اسپتال منتقلی کا فیصلہ، علیمہ خان

IMG 20260204 WA2410


اسلام آباد — پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اعلان کیا ہے کہ ضمانت منظور ہوتے ہی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے براہ راست الشفاء اسپتال منتقل کیا جائے گا، جہاں ان کی آنکھ کا علاج ذاتی معالج کی زیر نگرانی کروایا جائے گا۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کی رہائی اس وقت ممکن ہوگی جب جسٹس سرفراز ڈوگر ان کے کیسز کی سماعت کریں۔ انہوں نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ وہ خود ان مقدمات کی سماعت کریں، کیونکہ سماعت کے لیے مقرر جج کا چھٹی پر چلے جانا سراسر ناانصافی ہے۔
علیمہ خان نے عمران خان کی آنکھ کی خراب صحت کا ذمہ دار سابق سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ غفور انجم کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نقصان ایک دن میں نہیں ہوا، بلکہ مسلسل غفلت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غفور انجم کے خلاف مجرمانہ غفلت اور متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کروانے کے لیے وکلا کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
علیمہ خان نے اپنی ممکنہ گرفتاری کا خدشہ بھی ظاہر کیا، تاہم واضح کیا کہ وہ عمران خان کے حقوق کے لیے قانونی جنگ جاری رکھیں گی۔

متعلقہ پوسٹ