اسلام آباد: پاکستان میں سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے نصب کی گئی فائر وال کا منصوبہ بری طرح ناکام ہو گیا اور حکومت نے 5G اسپیکٹرم کی نیلامی سے قبل اس فائر وال کو مستقل طور پر بند کر دیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق 2024ء میں نصب کی گئی یہ فائر وال تکنیکی مسائل کے باعث ملک کے ٹیلی کام انفراسٹرکچر سے کبھی ہم آہنگ نہ ہو سکی اور مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے پر اسے مستقل طور پر بند کرنا پڑا۔ اس ناکام منصوبے کی وجہ سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ فائر وال کی تنصیب کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں لاکھوں فری لانسرز کا روزگار متاثر ہوا اور ہزاروں کمپنیوں کی ڈیجیٹل سروسز بری طرح تعطل کا شکار رہیں۔ ملک کی آئی ٹی برآمدات اور ڈیجیٹل معیشت پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہوئے۔
واضح رہے کہ حکومت نے یہ فائر وال سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی نگرانی اور ریگولیشن کے مقصد سے نصب کی تھی، تاہم تکنیکی اور انتظامی خامیوں نے اس منصوبے کو ناکامی سے دوچار کر دیا۔

