واشنگٹن (آئی این این): امریکی حکومت نے ملک بھر میں تجارتی ٹرک ڈرائیورز کے لیے انگریزی زبان کا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سڑکوں پر لگے ٹریفک اشارے پڑھنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مؤثر انداز میں رابطہ ممکن بنانا ہے۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ "نااہل ڈرائیورز کو سڑکوں سے ہٹانے” کی وسیع تر مہم کا حصہ ہے جسے موجودہ انتظامیہ نے مزید وسعت دے دی ہے۔ نئے ضوابط کے تحت کوئی بھی تجارتی ڈرائیور اس وقت تک لائسنس یافتہ نہیں رہ سکتا جب تک وہ بنیادی انگریزی پڑھنے، لکھنے اور بولنے کی صلاحیت ثابت نہ کرے۔
اس فیصلے کا سب سے زیادہ اثر لاطینی امریکی، ایشیائی اور دیگر غیر انگریزی بولنے والے ڈرائیورز پر پڑے گا جو امریکی ٹرکنگ انڈسٹری کا ایک بڑا حصہ ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن مخالف پالیسیوں کا تسلسل ہے، جبکہ حامیوں کا موقف ہے کہ سڑکوں پر حفاظت کے لیے یہ ضروری قدم ہے۔
امریکی ٹرکنگ انڈسٹری پہلے سے ڈرائیوروں کی شدید قلت کا سامنا کر رہی ہے اور ماہرین کو خدشہ ہے کہ اس نئے قانون سے سپلائی چین پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

