"عمران خان کو جیل سے نہیں نکال پا رہے” — گنڈاپور کا اپنی پارٹی پر کڑی تنقید

IMG 20260221 WA2498


پشاور (آئی این این): خیبرپختونخوا کے سابق وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ایک حیران کن بیان میں اپنی ہی پارٹی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی بے پناہ مقبولیت کے باوجود پی ٹی آئی انہیں جیل سے نہیں نکال پا رہی، اس کی وجہ یا تو ہماری نیت ٹھیک نہیں یا پھر ہم استعمال ہو رہے ہیں۔
گنڈاپور نے کہا کہ اگر پارٹی کے اندرونی معاملات درست ہوتے تو آج عمران خان جیل میں نہ ہوتے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ملک میں قانون اور آئین کی عدم موجودگی کے ساتھ ساتھ پارٹی کی اپنی غلطیاں بھی اس صورتحال کی ذمہ دار ہیں۔
یہ بیان اس لحاظ سے انتہائی اہم ہے کہ پی ٹی آئی کے ایک سینئر رہنما اور صوبے کے سابق وزیرِ اعلیٰ نے پہلی بار اتنے کھلے الفاظ میں پارٹی قیادت کی کارکردگی اور نیت پر سوالیہ نشان لگایا ہے۔ سیاسی مبصرین اس بیان کو پی ٹی آئی کے اندر بڑھتی ہوئی اندرونی بے چینی اور اختلافات کی علامت قرار دے رہے ہیں۔
گنڈاپور کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا ہے اور پارٹی حلقوں میں بھی ہلچل مچ گئی ہے۔

متعلقہ پوسٹ