اسلام آباد:
پاسپورٹ درخواستوں، پرنٹنگ اور مجموعی کارکردگی کی مؤثر نگرانی کے لیے نیا مانیٹرنگ نظام متعارف کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی پاسپورٹس کی ہدایات پر ہیڈکوارٹرز میں خصوصی 24/7 مانیٹرنگ روم قائم کر دیا گیا ہے، جو ملک بھر میں پاسپورٹ سے متعلقہ امور کی مسلسل نگرانی کرے گا۔
حکام کے مطابق اس نظام کے تحت ڈیجیٹل انٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کی مانیٹرنگ، تجزیہ اور ایولیوشن کی جائے گی۔ ڈیش بورڈ سے پاسپورٹ درخواستوں کی وصولی، پراسیسنگ، پرنٹنگ اور ترسیل کے مراحل کی بروقت نگرانی ممکن ہو سکے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام کا مقصد درخواستوں کی بروقت تکمیل، شفافیت میں اضافہ اور شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ 24/7 مانیٹرنگ روم میں متعلقہ افسران تعینات ہوں گے جو کسی بھی رکاوٹ یا تاخیر کی فوری نشاندہی اور ازالہ کریں گے۔
ڈی جی پاسپورٹس نے اس موقع پر کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاسپورٹ نظام کو مزید موثر، تیز رفتار اور جوابدہ بنایا جا رہا ہے، تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

