نئی دہلی، 22 فروری 2026 — بھارتی فضائیہ کو ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے جب اس کا ایک اور تیجس لائٹ کامبیٹ ایئرکرافٹ (ایل سی اے) حادثے کا شکار ہو گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے بعد لینڈنگ کے دوران تباہ ہو گیا، تاہم پائلٹ نے بروقت پیراشوٹ کی مدد سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچا لی اور وہ سنگین چوٹوں سے محفوظ رہا۔
طیارے کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اسے فلیٹ سے خارج کیے جانے کا امکان ہے۔ یہ طیارہ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) کی جانب سے فراہم کردہ 32 سنگل سیٹ تیجس مارک ون طیاروں میں سے ایک تھا۔
یہ دو سال میں تیجس کا تیسرا حادثہ ہے۔ پہلا حادثہ 2024 میں راجستھان میں پیش آیا تھا، جبکہ دوسرا گزشتہ سال دبئی ایئر شو کے دوران ہوا جس میں پائلٹ جاں بحق ہو گیا تھا۔
بھارتی فضائیہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے اور پورے تیجس فلیٹ کا جامع تکنیکی معائنہ شروع کر دیا گیا ہے تاکہ کسی نظامی خرابی کا پتہ لگایا جا سکے۔
یہ واقعہ ایسے نازک وقت میں پیش آیا ہے جب بھارتی فضائیہ پہلے سے جدید تیجس مارک ون اے کی تاخیر سے ترسیل کی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے، اور تیجس کے حفاظتی ریکارڈ پر سوالات مزید گہرے ہو گئے ہیں۔

