دوحہ — وزیراعظم محمد شہباز شریف امیر قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے۔
دوحہ کے کنگ حمد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر محمد بن عبد العزیز الخلیفی، پاکستانی سفیر محمد عامر اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی اس اہم دورے میں شریک ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر سے دوطرفہ ملاقات کریں گے جس میں اقتصادی تعاون، توانائی کی شراکت داری اور عوامی روابط کے فروغ پر گفتگو ہو گی۔ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور افرادی قوت کی برآمد سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں ممالک کے کثیر جہتی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

