اسلام آباد — وفاقی کابینہ 10 روپے کے کرنسی نوٹ کو ختم کر کے اس کی جگہ سکہ متعارف کرانے کے اہم فیصلے پر غور کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کو اس حوالے سے باقاعدہ کرنسی مینجمنٹ رپورٹ ارسال کر دی گئی ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 10 روپے کے نوٹ کی بجائے سکہ رائج کرنے سے آئندہ 10 سال کے دوران 40 سے 50 ارب روپے کی خطیر بچت ممکن ہو سکتی ہے، کیونکہ سکوں کی مدتِ استعمال کاغذی نوٹوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا کے متعدد ممالک پہلے ہی کم قدر کرنسی کو سکوں کی شکل میں جاری کر چکے ہیں تاکہ پرنٹنگ اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔ پاکستان میں بھی اس اقدام کو مالیاتی استحکام کی جانب ایک عملی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
کابینہ کی حتمی منظوری کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان نئے سکے کے ڈیزائن اور اجراء کے شیڈول کا اعلان کرے گا۔

