ابوظہبی میں ایرانی میزائل کا ملبہ گرنے سے پاکستانی شہری جاں بحق

IMG 20260228 WA2579


ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں ایک المناک واقعے میں ایرانی بیلسٹک میزائل کے ٹکڑے لگنے سے ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہو گیا۔
متحدہ عرب امارات کے حکام کے مطابق ایرانی فوج کی جانب سے داغے گئے متعدد بیلسٹک میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے فضا ہی میں تباہ کر دیا تاہم تباہ شدہ میزائلوں کا ملبہ ابوظہبی کے ایک علاقے میں آ گرا جس سے ایک غیر ملکی شہری شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ گلف نیوز سمیت مقامی میڈیا نے جاں بحق شخص کی شناخت پاکستانی شہری کے طور پر کی ہے تاہم اب تک اس کا نام اور عمر ظاہر نہیں کی گئی۔ ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میت پاکستان روانہ کی جائے گی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایران نے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں خطے میں امریکی تنصیبات اور اڈوں کو نشانہ بنانا شروع کیا۔ امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں ایران میں 70 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جن میں 51 پرائمری اسکول کی طالبات بھی شامل تھیں۔ اسی تناظر میں ایران نے متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی تنصیبات کو نشانہ بنایا جسے امارات کے فضائی دفاع نے ناکام بنا دیا لیکن میزائل کے ٹکڑے ایک معصوم پاکستانی کی جان لے گئے۔
پاکستانی سفارتخانے نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا۔

متعلقہ پوسٹ