راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو الگ الگ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی 15 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ہرنائی میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو گھیر کر بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی کی۔
دوسری کارروائی ضلع بسیما میں کی گئی جہاں بھارتی سرپرستی یافتہ 3 مزید دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث اور سکیورٹی فورسز کو عرصے سے مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز ملک سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور اس مقصد کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے۔

