جنگ ختم کرنے کا فیصلہ صدر ٹرمپ کریں گے: امریکی وزیر دفاع
واشنگٹن / تہران، 13 مارچ 2026: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے پینٹاگون میں پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای امریکی اور اسرائیلی حملوں میں زخمی ہوئے ہیں اور ان کا چہرہ بری طرح مسخ ہوا ہے۔
ہیگسیتھ نے مجتبیٰ خامنہ ای کے پہلے بیان — جو ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن پر تحریری شکل میں پڑھ کر سنایا گیا — کو "کمزور” قرار دیتے ہوئے کہا: "ایران کے پاس کیمرے اور ریکارڈر ہیں۔ تحریری بیان کیوں؟ وہ خوف زدہ ہے، زخمی ہے، فرار پر ہے۔ ایران کو خود نہیں پتہ کہ کون حکومت میں ہے۔”
ہیگسیتھ نے یہ بھی کہا کہ ایران کی قیادت مایوس اور خوف زدہ ہے اور زیرزمین چھپ گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں 28 فروری سے اب تک 15 ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
ایران کی میزائل لانچ صلاحیت 90 فیصد اور ڈرون حملوں کی صلاحیت 95 فیصد تک کم ہو چکی ہے۔ ہیگسیتھ نے واضح کیا کہ یہ جنگ کب ختم ہو گی، اس کا فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے۔
دوسری جانب، ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے آبنائے ہرمز کی بندش برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے، جس نے عالمی توانائی منڈیوں میں ہلچل مچا دی ہے۔
امریکی جنرل ڈین کین نے تصدیق کی کہ عراق میں گرنے والا امریکی طیارہ دشمن کے حملے کا نشانہ نہیں بنا۔ جنرل نے خبردار کیا کہ یہ مشن پیچیدہ، خطرناک اور مشکل ہے اور ہر فوجی کا خاندان ان کی واپسی کا انتظار کر رہا ہے۔

