پیٹرولیم مصنوعات کی ترجیحی فراہمی میں پاکستان سے مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں، عمان

IMG 20260326 WA1793


پاکستان کی درخواست پر مثبت غور کیا جائے گا، عمانی سفیر کا یقین دہانی
اسلام آباد (26 مارچ 2026): سلطنت عمان نے پاکستان کو پیٹرولیم مصنوعات کی ترجیحی بنیاد پر فراہمی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ عمانی سفیر فہد بن سلیمان بن خلف الخروصی نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے ملاقات میں کہا کہ عمان پاکستان کی توانائی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔
ملاقات کے دوران وزیر پیٹرولیم نے پاکستان کی توانائی درآمدات کو متنوع بنانے اور مسلسل سپلائی یقینی بنانے کی کوششوں سے سفیر کو آگاہ کیا۔ عمانی سفیر نے پاکستان کی ان کوششوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان کی درخواست پر پیٹرولیم مصنوعات کی ترجیحی فراہمی کے معاملے پر مثبت انداز میں غور کیا جائے گا۔
عمانی سفیر نے زور دیا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان تعلقات تاریخی اور برادرانہ ہیں۔ دونوں ممالک توانائی، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
اس ملاقات میں یہ بھی بتایا گیا کہ مارچ کے مہینے میں عمان کے بندرگاہوں سے پاکستان کو تین کارگو پٹرول اور ایک کارگو ڈیزل کی فراہمی ہو چکی ہے۔ پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) اور عمان ٹریڈنگ انٹرنیشنل (OQT) کے درمیان مزید کارگو کی فراہمی کے لیے بات چیت جاری ہے۔
یہ پیش رفت علاقائی صورتحال کے تناظر میں اہم ہے جہاں آبنائے ہرمز اور دیگر راستوں پر ممکنہ خطرات کے پیش نظر پاکستان متبادل ذرائع سے توانائی کی سپلائی کو محفوظ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

متعلقہ پوسٹ