اسلام آباد — یکم اپریل 2025
اسلام آباد پولیس نے کاروباری شخصیت عامر اعوان کے قتل میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتاری کر لیا۔ واقعے کے 24 گھنٹے گزرنے سے پہلے ہی ملزمان کو ملک کے مختلف حصوں سے دبوچ لیا گیا۔
آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے بتایا کہ عامر اعوان کو ڈکیتی کی واردات کے دوران قتل کیا گیا اور اس گھناؤنے جرم میں "منصور خان گینگ” ملوث ہے جس کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔ گینگ میں افغان شہری بھی شامل ہیں۔
طلال چوہدری نے بتایا کہ ملزمان کو کراچی سے خیبر کے درمیان مختلف مقامات سے گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف اسلام آباد نہیں بلکہ پورے پاکستان لیول کا کیس تھا۔
وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال کی نسبت اسلام آباد میں بڑے جرائم میں 63 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد کو "سیف سٹی” سے آگے بڑھ کر پاکستان کا پہلا "اسمارٹ سٹی” بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ فرانزک لیب اور سیف سٹی سسٹم سمیت تمام خامیوں کو بیک وقت دور کیا جا رہا ہے۔

