اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ آئندہ 30 روز کے لیے مفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کے لیے 35 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں اور تمام اخراجات وزارت داخلہ برداشت کرے گی۔
ادھر پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی صوبے کے تمام شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ مفت کرنے کا اعلان کر دیا۔ اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس، گرین الیکٹرو بس اور اسپیڈو بس کے مسافروں کو ٹکٹ نہیں خریدنا پڑے گا۔ اس کے علاوہ کاشتکاروں کو فی ایکڑ ایک لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی بھی دی جائے گی۔
یہ اعلانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 137.23 روپے اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمت 458 روپے 41 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل 184.49 روپے مہنگا کرتے ہوئے 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ریلیف اقدامات مہنگائی کے اس مشکل دور میں عوام کو فوری سہولت فراہم کرنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔

