کراچی —
پاکستان نیوی میں دوسرے پی این ایس خیبر کی شمولیت کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان کا اسٹریٹجک محلِ وقوع ایک مضبوط اور جدید بحری قوت کا تقاضا کرتا ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نیوی کو جدید ترین پلیٹ فارمز اور خصوصی ٹیکنالوجیز سے لیس کیا جا رہا ہے تاکہ ملکی سمندری سرحدوں کا ہر حال میں دفاع یقینی بنایا جا سکے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پی این ایس خیبر کی پاک بحریہ میں شمولیت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدلتے ہوئے علاقائی تناظر میں ایک مضبوط بحری قوت قومی خودمختاری کے تحفظ کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سمندری سرحدوں کے دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس موقع پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ جدید جنگی پلیٹ فارم پی این ایس خیبر پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا اور یہ اضافہ ملک کی سمندری طاقت کو نئی جہت دے گا۔
یاد رہے کہ یہ تقریب ایسے وقت میں منعقد ہوئی ہے جب خطے میں بحری کشیدگی اپنے عروج پر ہے اور پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت قومی سلامتی کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گئی ہے۔

