لاہور (میڈیا ڈیسک) — پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے لاہور پریس کلب میں منعقدہ جرنلسٹس کنونشن میں پیکا ایکٹ 2025 کی ترامیم کو متفقہ طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے صحافیوں کو دبانے اور آزادیٔ صحافت کو کچلنے کا آلہ قرار دیا۔
پی ایف یو جے نے حکومت کو یاد دلایا کہ وعدہ کیا گیا تھا کہ پیکا ایکٹ صحافیوں کے خلاف استعمال نہیں ہوگا، تاہم اس وعدے کی صریح خلاف ورزی کی گئی جس کی یونین نے شدید الفاظ میں مذمت کی۔ کنونشن میں پاس کردہ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پیکا قانون کے تحت صحافیوں کے خلاف تمام مقدمات فوری اور غیر مشروط طور پر واپس لیے جائیں۔
یونین نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پیکا ایکٹ کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے تاکہ اسے سیاسی انتقام کے لیے استعمال نہ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تمام واجب الادا تنخواہیں اور بقایا جات فوری کلیئر کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ پی ایف یو جے نے خبردار کیا کہ موجودہ خوف و ہراس کا ماحول نہ صرف ناقابلِ برداشت ہے بلکہ ملک کے جمہوری ڈھانچے کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔

