تہران — ایران نے امریکا کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ امریکی بحری جہازوں نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں ہٹانے کا کام شروع کردیا ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے واضح کیا کہ "آبنائے ہرمز ایران کا حساس آبی علاقہ ہے اور یہاں کسی بھی غیر ملکی آپریشن کی اجازت نہیں دی گئی۔” انہوں نے امریکی دعوے کو بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈا قرار دیا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ذرائع نے بتایا کہ آبنائے ہرمز میں مکمل نگرانی جاری ہے اور کسی بھی غیر مجاز بحری سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تہران نے خبردار کیا کہ اگر امریکی جہازوں نے ایرانی آبی حدود میں مداخلت کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی تیل فراہمی کی سب سے اہم گزرگاہ ہے اور اس خطے میں کشیدگی عالمی منڈیوں پر براہِ راست اثرانداز ہوتی ہے۔

