وزیراعظم محمد شہباز شریف جدہ سے مدینہ منورہ پہنچ گئے، مسجد نبوی میں حاضری دی


مدینہ منورہ  — وزیراعظم محمد شہباز شریف گزشتہ شب سعودی عرب کے شہر جدہ سے مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود نے وزیراعظم اور ان کے ہمراہ پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم نے مدینہ منورہ میں مسجد النبوی ﷺ میں حاضری دی اور ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں امن و آشتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ ان کی آمد پر روضہ رسول ﷺ کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے، جس کے بعد وزیراعظم نے روضہ رسول ﷺ کی خاص زیارت کی اور درود و سلام پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کا سرکاری دورہ مکمل کر لیا ہے۔ مدینہ منورہ سے وہ قطر کے دارالحکومت دوحہ روانہ ہوں گے، جہاں ان کی امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے دوطرفہ ملاقات متوقع ہے۔
یہ دورہ پاکستان، سعودی عرب اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن و سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کا اہم موقع فراہم کر رہا ہے۔

متعلقہ پوسٹ