معروف اداکارہ ریما خان نے معروف پاکستانی اداکارہ کو تھپڑ مارنے کا اعتراف کرلیا۔ جاوید فاضل کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم’’بلندی‘‘سے شان کے ساتھ فلمی کیریئرکاآغازکرنے والی ریماکوئی تجھ سا کہاں، زمین آسمان، جو ڈر گیا وہ مر گیا، چور مچائے شور، ہاتھی میرے ساتھی اور نکاح سمیت بے شمارفلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
ریماخان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی فلم’’مس استنبول‘‘ کی ایک ساتھی اداکارہ کو تھپڑ مارنے کا اعتراف کیا۔
ریما خان نےواقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ میں ایک انٹروورٹ تھی اور صرف اپنے کام پر توجہ دیتی تھی، میں لڑائی جھگڑا کرنے والی نہیں تھی، لیکن ظاہر ہے جب آپ کی عمر 18 سے 25 سال کے درمیان ہو تو آپ آسانی سے مشتعل ہو سکتے ہیں۔
ریماخان نے کہاکہ جب ایک ساتھی اداکارہ نے میرے ساتھ بدتمیزی کی تو میں خود پر قابو نہ رکھ سکی اور اسے تھپڑ مار دیا، میں ایسی انسان ہوں جو گالی گلوچ نہیں کرتی، ہم اسلام آباد میں میڈم شمیم آراء کی فلم’’ مس استنبول‘‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے، وہاں بہت لوگ موجود تھے، اس دوران ساتھی اداکارہ نے دو بار میرے ساتھ بدزبانی کی، مجھے نہیں معلوم کیا ہوا، میں نے سب کے سامنے اسے تھپڑ مار دیا۔
ریما خان نے مزیدبتایا کہ وہ ایک مشہور پاکستانی اداکارہ ہے اور آج بھی انڈسٹری میں کام کر رہی ہے، میں اس کا نام نہیں لوں گی لیکن مجھے اس پر افسوس ہے۔
ریماخان نے کہاکہ اب میں سوچتی ہوں کہ مجھے خود پر قابو رکھنا چاہیے تھا، میں دل سے اس کے لیے دعا کرتی ہوں، مجھے آج بھی اپنے اس عمل پر ندامت ہے، کاش میں خود کو روک لیتی، بعض اوقات بدلہ اللہ پر چھوڑ دینا چاہیے۔
ریماخان نے کہا کہ نمبر ون اور نمبر ٹو اداکارہ کی بحث اداکاراؤں نے نہیں بلکہ صحافیوں نے شروع کی تھی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکرہے کہ فلم ’’مس استنبول‘‘ میں ریما کے ساتھ میرا نے اداکاری کی تھی۔


