تہران : ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج، بالخصوص بہادر بحریہ، دشمن کو نئی اور عبرتناک شکست دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔
اپنے ایک تحریری بیان میں، جو ایرانی فوج کے دن (آرمی ڈے) کے موقع پر جاری کیا گیا، مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ایرانی فوج کے ڈرون امریکا اور صہیونی حملہ آوروں پر بجلی کی طرح وار کرتے ہیں، اسی طرح ایران کی بہادر بحریہ بھی دشمنوں کو نئی تلخ شکستوں کا مزہ چکھانے کیلئے تیار کھڑی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ایرانی مسلح افواج خطے میں کسی بھی خطرے کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مسلسل مضبوط بنا رہا ہے۔ سپریم لیڈر نے کہا کہ دشمن ایرانی فوج کو کمزور نہیں کر سکتا اور فوج اپنی سرزمین، سمندروں اور قومی پرچم کا بہادری سے دفاع کر رہی ہے۔
یہ بیان حالیہ علاقائی کشیدگی، خاص طور پر آبنائے ہرمز میں جاری تناؤ کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ ایرانی میڈیا نے اسے فوج کی طاقت اور قومی اتحاد کا پیغام قرار دیا ہے۔

