اسلام آباد — 25 اپریل 2026
وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان تقریباً 50 منٹ طویل ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، امن و استحکام کے فروغ اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے 11 اور 12 اپریل کو اسلام آباد میں منعقدہ مذاکرات میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں آنے والے وفد کی شرکت کو سراہا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے آج وزیراعظم سے دو گھنٹے طویل تفصیلی ملاقات بھی کی۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی رہنماؤں سے رابطوں نے پائیدار امن کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کی حمایت میں وسیع تر اتفاق رائے پیدا کیا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل کے دورہ تہران اور ایرانی قیادت سے بات چیت کو بھی سراہا اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
صدر پزشکیان نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ کی امن کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں اور قریبی مشاورت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ادھر وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ترک ہم منصب حاقان فیدان نے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ فیدان نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ایٹمی معاملے کے اہم نکات مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں طے ہو جائیں گے۔

