اسلام آباد | محمد سلیم سے
ڈی جی سیف سٹی اور ڈی آئی جی ٹریفک محمد ہارون جوئیہ نے سیف سٹی اسلام آباد میں سینئر ٹریفک افسران کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت کی اور وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم احکامات جاری کیے۔



میٹنگ میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک، سیف سٹی آئی ٹی ٹیم، اسٹیشن ڈائریکٹر ایف ایم اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں جاری کردہ احکامات میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن، مویشی منڈیوں کے اردگرد ہر وقت ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا، عوامی اور سیاحتی مقامات پر پارکنگ مسائل کا فوری حل اور ٹریفک ہیڈ کوارٹرز آنے والے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔
اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں ایجوکیشن ٹیم کے ذریعے ٹریفک آگاہی لیکچرز یقینی بنانے اور ایف ایم 92.4 پر شہریوں کو ہمہ وقت تازہ ترین ٹریفک اپڈیٹس اور قوانین سے متعلق آگاہی پیغامات نشر کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا: "اسلام آباد پولیس اپنے افسران، جوانوں اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے شہر بھر میں ٹریفک کو رواں دواں رکھے ہوئے ہے۔ شہری کسی بھی رہنمائی یا ٹریفک ایمرجنسی کی صورت میں ٹریفک ہیلپ لائن 1915 یا ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار 15 پر رابطہ کریں۔”

