واشنگٹن — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے پر زیادہ تر اہم معاملات طے پا چکے ہیں اور حتمی اعلان جلد متوقع ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ "امریکہ، اسلامی جمہوریہ ایران اور خطے کے دیگر ممالک کے درمیان معاہدہ بڑی حد تک طے پا چکا ہے۔ معاہدے کے آخری پہلوؤں پر بات چیت جاری ہے اور جلد اس کا اعلان کیا جائے گا۔”
ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز بھی کھول دی جائے گی، جس سے عالمی تیل کی نقل و حمل بحال ہو سکے گی۔
یہ بیان حالیہ مہینوں میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری تنازع اور مذاکرات کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ معاہدے میں جوہری پروگرام، پابندیوں میں نرمی اور علاقائی سلامتی سمیت متعدد اہم مسائل شامل ہونے کی توقع ہے۔
اب تک ایرانی حکام کی جانب سے ٹرمپ کے اس بیان پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

