اسلام آباد، — امریکی مشن پاکستان نے جمعہ کی شام "فریڈم 250” کے نام سے ایک تاریخی تقریب منعقد کی، جس میں امریکی آزادی کے ڈھائی سو سال اور پاک-امریکہ دوستی کے قریباً اسّی سال کا جشن منایا گیا۔
تقریب میں پاکستانی حکومت کے اعلیٰ عہدیداران، تاجر برادری، ماہرین تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوئے۔ امریکی چارژ ڈی افیئرز ناتالی بیکر نے اپنے کلیدی خطاب میں امریکی آزادی کی بنیادی اقدار اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا: "آج کی رات ہم 250 سال کی امریکی آزادی، تقریباً 80 سال کی پاک-امریکہ دوستی اور آنے والے روشن مستقبل کا جشن منا رہے ہیں۔ بہترین وقت پیچھے نہیں، آگے ہے — اور ہم مل کر وہاں پہنچیں گے۔”
تقریب میں امریکی میرین کور کا کلر گارڈ، دونوں ممالک کے قومی ترانے، یو ایس ایئر فورس سنٹرل کمانڈ بینڈ اور معروف پاکستانی گلوکار بلال سعید کی موسیقی پیش کی گئی۔ تقریب کا اختتام اسلام آباد کے آسمان پر آتش بازی کے شاندار مظاہرے سے ہوا۔
یہ تقریب امریکی صدر ٹرمپ کے اعلان کردہ "امریکی عظمت کے نئے دور” کے تحت دنیا بھر میں امریکی سفارت خانوں کی جانب سے منعقد کی جانے والی سال بھر کی تقریبات کا حصہ ہے۔

